سندھ میں ڈینگی وائرس کی صورتحال مزید خراب ہونے لگی، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈینگی کے باعث مزید 4 افراد جان کی بازی ہار گئے، جس کے بعد رواں سال صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 25 تک پہنچ گئی۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 5 ہزار 899 ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1 ہزار 192 کیسز مثبت آئے۔ کراچی ریجن میں 4 ہزار 371 ٹیسٹوں میں 641 جبکہ حیدرآباد میں 550 مثبت کیسز رپورٹ ہوئے۔اعداد و شمار کے مطابق سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے 109 اور نجی اسپتالوں میں 100 نئے مریض داخل کیے گئے۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ رواں ماہ سندھ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 940 ہوگئی ہے جبکہ رواں سال کے دوران مجموعی کیسز 10 ہزار 502 ریکارڈ کیے جاچکے ہیں۔






