نارتھ ناظم آباد میں ٹرک کی ٹکر سے فوڈ ڈیلیوری بوائے جاں بحق

شہرِ قائد کے علاقے نارتھ ناظم آباد لنڈی کوتل چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں فوڈ ڈیلیوری بوائے جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب موٹر سائیکل سوار ایک ٹرک کی زد میں آ گیا۔ جاں بحق شخص کی شناخت بابر کے نام سے ہوئی ہے، جو ناظم آباد کا رہائشی اور فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ عینی شاہدین کے مطابق بابر حادثے کے وقت موبائل فون استعمال کر رہا تھا، اسی دوران وہ ٹرک کے پچھلے ٹائر کے نیچے آ کر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔پولیس نے ٹرک ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے جبکہ گاڑی کو بھی تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بابر کے پڑوسیوں کے مطابق وہ دن میں چپس کا ٹھیلہ لگاتا تھا اور رات میں فوڈ ڈیلیوری کا کام کر کے گھر کا خرچ چلاتا تھا۔ دوسری جانب عزیز آباد کے علاقے میں موبائل شاپ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔