کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی اور ہلکی پھوار سے موسم خوشگوار

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بوندا باندی اور ہلکی پھوار سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ اولڈ سٹی ایریا، صدر، کلفٹن اور پی ای سی ایچ ایس سمیت کئی مقامات پر ہلکی بارش کے باعث شہر کا درجہ حرارت معمولی کم ہوا جبکہ شہریوں نے خوشگوار موسم کا لطف اٹھایا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سمندر کی نچلی سطح کے بادلوں کے باعث ہلکی بارش اور بوندا باندی کا سلسلہ مزید جاری رہ سکتا ہے۔ شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ مطلع جزوی اور کہیں کہیں مکمل ابر آلود ہے۔ کراچی میں 25 ستمبر تک موسم زیادہ تر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، تاہم ماہ کے اختتام تک گرمی کی شدت دوبارہ بڑھنے لگے گی۔ گزشتہ روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب آج اور منگل کو سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ ساحلی پٹی پر بادلوں کے ڈیرے رہنے کا امکان ہے۔