ایم اے جناح روڈ دھماکے میں جاں بحق لیب مالک کی بیوہ کا ہرجانے کا دعویٰ

ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے میڈیکل لیب کے مالک کی بیوی نے سندھ حکومت اور گودام مالکان کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کردیا۔درخواستگزار عظمیٰ شہزاد نے اپنے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے توسط سے سینئر سول جج جنوبی کی عدالت میں دائر دعوے میں موقف اپنایا ہے کہ فیکٹری مالکان اور سندھ حکومت کی غفلت کی وجہ سے 21 اگست کو پیش آنے والے دھماکے میں ان کے شوہر شہزاد علی جاں بحق ہوئے۔بیوہ نے دعویٰ کیا کہ غیر قانونی پٹاخوں کے گودام میں دھماکے کے بعد شوہر کی جان ضائع ہوئی جبکہ متوفی کی میڈیکل لیب دھماکے کے مقام کے قریب قائم تھی۔ مقدمہ درج ہونے کے باوجود متعلقہ فیکٹری تاحال منتقل نہیں کی گئی۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حادثے کی براہِ راست ذمہ دار سندھ حکومت اور فیکٹری مالکان ہیں، لہٰذا انہیں 6 کروڑ 45 لاکھ روپے ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا جائے۔