کراچی میں دو مبینہ پولیس مقابلے، دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار

شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے دو الگ الگ مبینہ مقابلوں کے دوران دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔ دونوں واقعات میں گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور رقم برآمد کی گئی ہے۔پہلا مقابلہ ابراہیم حیدری میں جمعہ پلیہ کے قریب پیش آیا، جہاں ابراہیم حیدری پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم فہید عرف کچرا کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے ایک پستول، چھینے گئے موبائل فون، دس ہزار روپے نقد اور دو پرس برآمد کیے گئے۔ ملزم کو زخمی حالت میں جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسرا مبینہ مقابلہ قائدآباد کے علاقے سواتی محلہ کے قریب ہوا، جہاں قائدآباد پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم اختر کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے پستول، موبائل فون اور رقم برآمد ہوئی، جب کہ اسے بھی طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات جاری ہیں۔