کراچی ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں دھماکا، 25 افراد زخمی

کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر پٹاخوں کے گودام میں زوردار دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں 25 افراد زخمی ہوگئے، جنہیں جناح اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق جناح اسپتال میں 17 جبکہ سول اسپتال میں 8 زخمی لائے گئے ہیں، جن میں سے 4 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔دھماکے سے اطراف کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گودام میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد سیاہ دھواں قریبی عمارتوں اور گلیوں میں پھیل گیا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایسٹ فرخ رضا نے بتایا کہ دھماکا ڈسٹرکٹ ساؤتھ کی حدود میں ہوا، جبکہ پریڈی پولیس کو امدادی کارروائیوں میں بھرپور معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔آگ پر قابو پانے کے لیے فائر بریگیڈ کی تین گاڑیاں موقع پر پہنچ گئی ہیں اور امدادی رضا کار بھی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔