نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر کی ٹکر سے نوجوان جاں بحق، مشتعل افراد کا احتجاج

شہر میں ہیوی گاڑیوں کے جان لیوا حادثات کا سلسلہ تھم نہ سکا۔ نارتھ کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک اور نوجوان موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق نارتھ کراچی دو منٹ چورنگی یو ٹرن کے قریب تیز رفتار واٹر ٹینکر نے موٹر سائیکل سوار نوجوان کو کچل ڈالا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ حادثے کا ذمہ دار ٹینکر ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔حادثے کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور واٹر ٹینکر پر پتھراؤ کرتے ہوئے اسے نذرِ آتش کرنے کی کوشش بھی کی، تاہم پولیس نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو قابو میں کرلیا اور گاڑی کو جلنے سے بچالیا۔ متوفی کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردی۔ پولیس کے مطابق نوجوان کی شناخت فوری طور پر نہیں ہوسکی، تاہم اس کی عمر تقریباً 20 سال بتائی جاتی ہے۔ بلال کالونی پولیس نے واٹر ٹینکر اور موٹر سائیکل تحویل میں لے کر مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔قبل ازیں سپر ہائی وے پاکستان کانٹے کے قریب مزدا لوڈنگ ٹرک کی ٹکر سے ایک اور موٹر سائیکل سوار 27 سالہ محمد نواز جاں بحق ہوگیا تھا۔ ریسکیو حکام کے مطابق ڈرائیور حادثے کے بعد فرار ہوگیا جبکہ پولیس نے ٹرک تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔