کراچی میں پانی کا بڑا منصوبہ 22 سال بعد مکمل

کراچی میں دو دہائیوں بعد پانی کا بڑا منصوبہ پایہ تکمیل کو پہنچ گیا۔ ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید کے مطابق 22.8 کلومیٹر طویل نیو حب کینال جدید ترین معیار کے مطابق صرف 9 ماہ کی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ہے، جس پر 12 ارب 78 کروڑ روپے کی لاگت آئی۔ منصوبے کے تحت کراچی کو یومیہ 10 کروڑ گیلن (100 ایم جی ڈی) پانی کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔ اس تاریخی منصوبے کا افتتاح چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بدھ کے روز کریں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ حب کینال ون کی ازسرنو بحالی کا کام بھی جاری ہے۔ 5 کلومیٹر کا حصہ مکمل بحال کر دیا گیا ہے، جبکہ مجموعی بحالی پر ساڑھے 12 ارب روپے لاگت آئے گی۔ اس کے علاوہ فلٹریشن پلانٹ اور پمپنگ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن بھی منصوبے کا حصہ ہے، جس سے شہر میں پانی کی فراہمی کے نظام میں نمایاں بہتری آئے گی۔