اورنگی ٹاؤن میں خوفناک واقعہ پیش آیا جہاں 60 سالہ شخص نے خود پر مٹی کا تیل چھڑک کر خود سوزی کرلی۔ پولیس کے مطابق متوفی گزشتہ تین روز سے خواب میں خود کو آگ لگاتے دیکھ کر شدید ذہنی دباؤ میں تھا۔ تفصیلات کے مطابق قصبہ موڑ، شہزاد سنیما کے قریب گھر میں اللہ رکھا نامی شخص آگ میں بری طرح جھلس کر شدید زخمی ہوگیا۔ اسے تشویشناک حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا، جہاں وہ دورانِ علاج چل بسا۔ ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن یوسف مہر کے مطابق متوفی کا تعلق راولپنڈی سے تھا اور وہ 10 روز قبل اپنی سالی کے گھر آیا تھا۔ سالی نے پولیس کو بتایا کہ اللہ رکھا نے بتایا تھا کہ وہ مسلسل خواب میں دیکھ رہا تھا کہ وہ خود پر تیل چھڑک کر آگ لگا رہا ہے، جس کے باعث وہ شدید پریشان تھا۔ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اس نے واقعی مٹی کا تیل چھڑک کر خود کو آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی ہے جبکہ واقعے کی مزید پہلوؤں سے بھی تحقیقات جاری ہیں۔






