ملک بھر میں موسمِ سرما کا آغاز ہو چکا ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں آئندہ تین دنوں کے موسم سے متعلق تازہ پیش گوئی جاری کردی ہے۔ ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق شہر میں آئندہ دنوں کے دوران موسم خشک اور راتیں خنک رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جمعرات کو کراچی کا کم سے کم درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے، جبکہ دن کے اوقات میں موسم نسبتاً خشک رہے گا۔ شہر میں بیشتر وقت بلوچستان کی شمال مشرقی ہوائیں چلتی رہیں گی جو سردی کے اثرات بڑھائیں گی۔ اس کے علاوہ صوبہ سندھ کے میدانی علاقوں میں صبح کے وقت ہلکی دھند پڑنے کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہوسکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسم میں اچانک تبدیلی کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔





