شہر قائد میں لوٹ مار کی واردات کے دوران شہری کی بروقت فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، جبکہ ایک اور واقعے میں پراسرار فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون زخمی ہوگئی۔ پولیس کے مطابق، واقعہ عزیزآباد تھانے کی حدود میں پیش آیا جہاں دو موٹرسائیکل سوار ڈاکو ایک شہری سے اسلحے کے زور پر موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان چھین کر فرار ہو رہے تھے۔ اسی دوران ایک شہری نے پیچھے سے فائرنگ کی، جس سے ایک ملزم موقع پر ہی مارا گیا جبکہ دوسرا اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگیا۔ پولیس نے ہلاک ڈاکو کی لاش تحویل میں لے کر شناخت کا عمل شروع کر دیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادھر کورنگی ڈھائی نمبر میں پیش آنے والے پراسرار فائرنگ کے واقعے میں 25 سالہ مِشل نامی خاتون زخمی ہو گئیں۔ چھیپا ریسکیو کے مطابق زخمی خاتون کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔