ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے وفد نے ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی (کے ڈی اے) آصف جان صدیقی سے ملاقات کی اور شہر میں تجاوزات و قبضوں کی نشاندہی کردی۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ملاقات میں آباد کے سینئر وائس چیئرمین سید افضل حمید نے وفد کے ہمراہ شرکت کی۔ ملاقات میں کے ڈی اے کی زمینوں کے ریکارڈ کو ڈیجیٹلائز کرنے، غیر قانونی تجاوزات اور قبضوں کے خاتمے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر آباد نے سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر اور کورنگی میں جاری تجاوزات اور قبضوں کی تفصیلات پیش کیں۔ افضل حمید نے مطالبہ کیا کہ قبضہ مافیا کے خلاف بلاتفریق کارروائی کی جائے اور سروے رپورٹ جاری کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہری اراضی کو قبضہ گروہوں سے بچانا وقت کی اہم ضرورت ہے، جبکہ مؤثر اور طویل المدتی حکمتِ عملی سے ہی قبضوں کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ آباد تعمیراتی شعبے کی بحالی اور شفاف شہری ترقی کے لیے سرگرم کردار ادا کر رہی ہے۔






