گلستان جوہر میں مسلح ڈکیتی ناکام، شہری کی فائرنگ سے ایک ڈاکو گرفتار

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ڈکیتی کی کوشش فائرنگ کے تبادلے میں ناکام ہوگئی۔ واقعے میں ایک ڈکیت اور ایک راہ گیر شہری زخمی ہوگئے جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق شارع فیصل تھانے کی حدود گلستان جوہر بلاک 12 میں نجی اسپتال کے قریب موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح ڈاکوؤں نے ڈبل کیبن ویگو ڈالے میں سوار شہریوں کو اسلحے کے زور پر لوٹنے کی کوشش کی۔ شہریوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں پر فائرنگ کر دی جس پر ملزمان نے بھی جوابی فائرنگ کی۔دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ڈکیت زخمی ہو کر گر گیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہ گیر شہری بھی زخمی ہوگیا۔ موقع پر موجود افراد نے زخمی ڈاکو کو قابو کرکے تشدد کا نشانہ بنایا، تاہم اس کا ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور زخمی ڈاکو اور زخمی شہری کو فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا۔ ایس ایچ او شارع فیصل انعام جونیجو کے مطابق زخمی ڈکیت کی شناخت اسماعیل کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی شہری بھگوان داس کے نام سے شناخت کیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کے بعد ڈبل کیبن ویگو ڈالے میں سوار شہری موقع سے روانہ ہوگئے تھے، جن کی تلاش جاری ہے جبکہ مفرور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔