ایڈیشنل آئی جی کراچی نے دورانِ ڈیوٹی تمام اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس پہننے کی ہدایت جاری کر دی

کراچی میں پولیس اہلکاروں کو ہدف بنانے کے واقعات کے بعد ایڈیشنل آئی جی کراچی نے دورانِ ڈیوٹی تمام اہلکاروں کو بلٹ پروف جیکٹس پہننے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ ہدایت نامے کے مطابق کسی بھی پولیس اہلکار کو اکیلے پٹرولنگ یا پکٹ پر تعینات نہیں کیا جائے گا جبکہ متعلقہ ڈی ایس پیز اہلکاروں کو ڈپلائنمنٹ سے قبل لازمی بریفنگ دیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو گشت کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا معائنہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ایڈیشنل آئی جی نے وی آئی پیز اور وی وی آئی پیز کے ساتھ تعینات گارڈز کو بھی دورانِ ڈیوٹی مکمل حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ ہدایت نامہ کراچی رینج کے تمام ڈی آئی جیز کے علاوہ سی آئی اے، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ افسران کو بھی ارسال کر دیا گیا ہے۔ واضح کیا گیا ہے کہ اس معاملے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔