شہرِ قائد کے علاقے نیو کراچی نمبر 6 میں پارک کے قریب خود کو آگ لگا کر خودسوزی کرنے والی 50 سالہ فردوس زوجہ عرفان سول اسپتال کے برنس وارڈ میں دم توڑ گئی۔ خاتون 90 فیصد تک جھلس گئی تھیں اور ڈاکٹروں کی تمام تر کوششوں کے باوجود زندگی کی بازی نہ جیت سکیں۔ واقعے کے فوری بعد ریسکیو ادارے چھیپا کے رضا کاروں نے انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا تھا، جہاں وہ گزشتہ روز سے زیرِ علاج تھیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں واقعے کی وجہ گھریلو تنازع سامنے آئی ہے۔ ایس ایچ او نیو کراچی رضوان قریشی نے بتایا کہ متوفیہ کی نند نے پولیس کو بیان دیا ہے کہ میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کے بعد فردوس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔پولیس نے شوہر عرفان سمیت اہل خانہ، عینی شاہدین اور اہلِ محلہ کے بیانات قلمبند کر لیے ہیں اور واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے تاکہ اصل محرکات سامنے آ سکیں۔ متوفیہ کی لاش ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہے۔






