کراچی ابراہیم حیدری میں مبینہ پولیس مقابلہ، زخمی ڈاکو گرفتار

شہرِ قائد کے علاقے ابراہیم حیدری میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائی کورنگی علی اکبر شاہ گوٹھ چڑھائی کے قریب کی گئی، جہاں جرائم پیشہ عناصر کی موجودگی کی اطلاع پر اہلکاروں نے چھاپہ مارا تو فائرنگ کا تبادلہ ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں پکڑا گیا، جسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت 27 سالہ فہد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ گولیاں، موبائل فون اور نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں اور فرار ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔