شہر قائد میں نامعلوم سمت سے آنے والی گولی نے معصوم بچی کی جان لے لی

کراچی کے علاقے سائٹ ایریا مستان چالی میں ہوائی فائرنگ کا ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں گھر کی چھت پر کھیلتی 11 سالہ بچی پراسرار گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق جاں بحق بچی کی شناخت زینت گل زادہ کے نام سے ہوئی، جو تین بہنوں میں سب سے چھوٹی تھی۔ وہ اپنے گھر کی چھت پر کھیل رہی تھی کہ اچانک نامعلوم سمت سے آنے والی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران پولیس نے انکشاف کیا ہے کہ قریبی علاقے میں ایک شادی کی تقریب جاری تھی، جہاں ہوائی فائرنگ کی جا رہی تھی۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گولی وہیں سے آ کر بچی کو لگی۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دلہا اور اس کے والد کو حراست میں لے لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واقعے نے علاقے میں شدید غم و غصہ اور افسوس کی لہر دوڑا دی ہے۔