کراچی کے علاقے بھینس کالونی میں افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ڈھائی سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہوگیا۔پولیس کے مطابق جاں بحق بچے کی شناخت سمیر کے نام سے ہوئی ہے، جو جمعرات کی صبح گھر کے قریب کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا۔ اہلخانہ اور مقامی افراد کی تلاش کے بعد معلوم ہوا کہ بچہ علاقے میں موجود کھلے گٹر میں گر گیا تھا۔پولیس اور علاقہ مکینوں کی مدد سے لاش کو نکال کر ضابطہ کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق گٹر پر ڈھکن موجود نہ ہونے کے باعث یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کھلے مین ہولز اور گٹروں کو فوری طور پر بند کیا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے المناک حادثات سے بچا جا سکے۔






