کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری جاں بحق

شہرِ قائد میں اسٹریٹ کرائم کا سلسلہ نہ رک سکا، ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کو جان سے ہاتھ دھونا پڑا۔واقعہ شفیق موڑ کے قریب پیش آیا جہاں ساٹھ سالہ اعجاز نامی شہری مبینہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران جاں بحق جبکہ اس کا ساتھی زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق دونوں افراد کارپینٹر کا کام کرتے تھے اور واقعے کے وقت موٹر سائیکل پر جا رہے تھے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ ملزمان نے موٹر سائیکل چھیننے کی کوشش کی، مزاحمت پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اعجاز موقع پر جاں بحق ہوگیا۔افسوسناک طور پر جاں بحق شہری کی بیٹی کی شادی دو ماہ بعد طے تھی، واقعے کے بعد گھر میں کہرام مچ گیا۔غمزدہ اہلخانہ نے انصاف کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم نے شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق رواں سال کے دوران ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق افراد کی تعداد 70 تک پہنچ گئی ہے۔