شہر قائد میں غفلت کا ایک اور واقعہ، نالے سے 13 سالہ بچے کی لاش برآمد

کراچی کے علاقے سلطان آباد پرانا حاجی کیمپ کے قریب نالے سے 13 سالہ بچے کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس اور ایدھی کی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر لاش نکال کر سول اسپتال منتقل کی، جہاں متوفی کی شناخت ابوبکر ولد دلدار حسین کے نام سے ہوئی۔ابوبکر کے والد نے 29 اگست کو اپنے بیٹے کے لاپتہ ہونے کی رپورٹ ڈاکس تھانے میں درج کرائی تھی۔ والد کے مطابق، ان کا بیٹا شام سات بجے روشن اکیڈمی اسکول کے قریب کھیلتے ہوئے لاپتہ ہوگیا تھا۔ بچے نے لاپتہ ہونے کے وقت لال شرٹ اور آسمانی رنگ کی پینٹ پہن رکھی تھی۔لاش ملنے کی اطلاع پر علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی اور مکینوں نے شدید غم و غصہ کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں عام شہری کسی طور محفوظ نہیں ہیں۔ “اگر ڈاکوؤں سے بچ جائیں تو ٹرک اور ڈمپر کچل دیتے ہیں، اگر سڑکوں کے حادثات سے نکل جائیں تو ننگی تاروں کے کرنٹ یا نالوں میں گرنے سے جان سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے”۔اہل علاقہ نے حکمرانوں کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات اور تحفظ فراہم کرنے کے بجائے حکمران اپنی تشہیر میں مصروف ہیں۔ مکینوں نے چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف جسٹس پاکستان سے اپیل کی کہ وہ عوامی جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کو یقینی بنائیں۔