پاکستان میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

پاکستان میں گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں ایک بار پھر نمایاں اضافہ کردیا گیا ہے، جس سے مہنگائی کے مارے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔مینوفیکچررز کے مطابق گھی اور آئل کی قیمت میں فی کلو اوسطاً 12 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اس تازہ اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں 16 کلو گھی کا تھیلا 8,550 روپے تک پہنچ گیا ہے، یعنی فی کلو گھی کی قیمت میں تقریباً 100 روپے کا اضافہ ہوا۔اسی طرح 5 کلو پیک کوکنگ آئل کی قیمت 2,800 روپے سے بڑھ کر 2,850 روپے ہوگئی، یعنی فی پیک 70 روپے مہنگا ہوا۔ ہول سیل مارکیٹ میں گھی 535 روپے فی کلو اور کوکنگ آئل 572 روپے فی کلو میں فروخت ہورہا ہے۔ڈیلرز کے مطابق مختلف برانڈز کے آئل اور گھی کی قیمتوں میں فی لیٹر یا فی کلو 10 سے 15 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس سے بڑے برانڈز بھی متاثر ہوئے ہیں۔ مثال کے طور پر کنگ آئل کا 10 لیٹر کین اب 6,400 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ دیگر برانڈز کے 5 لیٹر اور فی کلو پیکٹس بھی نمایاں مہنگے ہوچکے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بار بار بڑھتی ہوئی اشیائے خورونوش کی قیمتیں عام گھرانوں کے بجٹ کو شدید متاثر کررہی ہیں، اور مہنگائی کا یہ دباؤ براہِ راست عوام کی قوتِ خرید کو کم کررہا ہے۔