کراچی کے علاقے منگھوپیر حاجی ابراہیم گوٹھ کے قریب گاربیج ڈمپنگ پوائنٹ سے ایک نامعلوم خاتون کی کمبل میں لپٹی ہوئی مسخ شدہ لاش ملی ہے۔پولیس کے مطابق اطلاع علاقہ مکینوں نے دی تھی جو کچرا چننے کے دوران لاش دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچے اور لاش کو تحویل میں لے کر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کردیا گیا۔ایس ایچ او منگھوپیر زبیر نواز کے مطابق خاتون کی عمر 20 سے 25 سال کے درمیان معلوم ہوتی ہے۔ لاش کئی ہفتے پرانی ہونے کے باعث مکمل طور پر گل چکی اور ناقابل شناخت ہے۔ خاتون جینز پینٹ پہنی ہوئی تھی۔پولیس کو شبہ ہے کہ خاتون کو کسی اور مقام پر قتل کر کے کمبل میں لپیٹ دیا گیا اور کچرا اٹھانے والے ٹرکوں کے ذریعے لاش گاربیج پوائنٹ پر پھینکی گئی۔ خاتون کی شناخت کے لیے پوسٹ مارٹم اور ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جا رہا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کرلیا جائے گا اور قتل کے محرکات جاننے کے لیے ہر پہلو سے تفتیش کی جائے گی۔






