نارتھ ناظم آباد میں سفاک باپ نے دو کمسن بیٹیوں کو ذبح کردیا

شہر قائد میں ایک لرزہ خیز واقعہ پیش آیا جہاں سفاک باپ نے اپنی ہی دو کمسن بیٹیوں کو بے دردی سے قتل کردیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ نارتھ ناظم آباد بلاک G، کوثر نیازی کالونی میں پیش آیا، جہاں ملزم اکبر نے اپنی 10 سالہ بیٹی زینب اور 11 سالہ بیٹی عالیہ کو ذبح کر کے قتل کر دیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہلکار موقع پر پہنچے اور ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم شدید مالی دباؤ اور قرضوں میں مبتلا تھا اور کمیٹیوں کے واجبات ادا نہ کرپانے کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم چھ بچوں کا باپ ہے، جن میں ایک بیٹا اور پانچ بیٹیاں شامل ہیں۔ مقتولہ زینب اور عالیہ بالترتیب تیسرے اور چوتھے نمبر کی بیٹیاں تھیں۔ ملزم کی بیوی چند برس قبل بیماری کے باعث انتقال کر گئی تھی، جس کے بعد وہ اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ اسی مکان میں مقیم تھا۔علاقہ مکینوں کے مطابق ملزم کا رویہ جارحانہ تھا اور وہ اکثر محلے والوں سے جھگڑا کرتا رہتا تھا۔پولیس ٹیموں نے کرائم سین یونٹ اور تفتیشی افسران کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔