کراچی کے علاقے ڈسٹرکٹ ملیر، اسٹیل ٹاؤن گلشن حدید فیز ٹو میں واقع ایک سپر اسٹور میں موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے دن دہاڑے ڈکیتی کی واردات کی۔ڈاکوؤں نے عملے اور گاہکوں کو یرغمال بنا کر لاکھوں روپے کی نقدی اور متعدد موبائل فونز لوٹ لیے۔واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوچکی ہے جس میں ڈاکوؤں کی شناخت ممکن بتائی جا رہی ہے۔فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ تین ڈاکو شلوار قمیض میں ملبوس تھے — ایک موٹر سائیکل پر باہر موجود رہا جبکہ دو مسلح ساتھی سپر اسٹور کے اندر داخل ہوئے۔ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر عملے اور خریداروں کو یرغمال بنایا، کیش کاؤنٹر سے بھاری رقم اور موبائل فونز لوٹے اور چند منٹوں میں فرار ہو گئے۔اگرچہ ان کے چہروں پر ماسک اور پی کیپ تھی، مگر ایک ڈاکو کا چہرہ کیمرے میں واضح طور پر ریکارڈ ہو گیا ہے۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔






