کراچی کی مویشی دوست منڈی میں خریداروں کا رش عروج پر

عیدالاضحیٰ کی آمد قریب آتے ہی ناردرن بائی پاس پر قائم مویشی دوست منڈی میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے۔ شہری سنتِ ابراہیمی کی ادائیگی کے لیے بڑے جوش و خروش کے ساتھ جانوروں کی خریداری میں مصروف ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے منڈی میں مثالی سہولیات فراہم کی گئی ہیں جن میں 24 گھنٹے کھلی مارکیٹ، پارکنگ، اے ٹی ایم، اور آن لائن ٹرانسفر کی سہولیات شامل ہیں۔ ایڈمنسٹریٹر شہاب علی کے مطابق، “شہری جانور کہیں ہاتھ سے نہ نکل جائے، اس لیے پسند آنے پر فوراً ٹوکن کروا لیتے ہیں۔” منڈی میں مختلف بلاکس سفائر، گولڈ، جنرل اور پہاڑی میں ربانی کے جانوروں کے سودے نان اسٹاپ جاری ہیں، جبکہ کے پی کے بلاک میں بھی جانوروں کی بھرپور خرید و فروخت ہو رہی ہے۔ گائے، بیل، بچھڑے، بکری، اونٹ اور دنبے ہر عمر اور سائز میں دستیاب ہیں۔ شہاب علی کا مزید کہنا تھا کہ کراچی والے ایک پرامن ماحول میں قربانی کا جانور خرید کر اپنے گھروں کو روانہ ہو رہے ہیں۔ سنتِ ابراہیمی کی آسان ادائیگی کے لیے ناردرن انتظامیہ نے تمام تر انتظامات مکمل کر رکھے ہیں، اور منڈی ہر لحاظ سے خریداروں کی سہولت کو مدنظر رکھ کر چلائی جا رہی ہے۔