گارڈن ڈمپر ہلاکت کیس، لیاقت محسود کی عبوری ضمانت میں 11 نومبر تک توسیع

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے گارڈن کے علاقے میں ڈمپر کی ٹکر سے شہری کی ہلاکت کے مقدمے میں نامزد ملزم لیاقت محسود کی عبوری ضمانت میں 11 نومبر تک توسیع کر دی۔سماعت کے دوران ملزم لیاقت محسود اپنے وکیل منظور میئو ایڈووکیٹ کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔ مدعی مقدمہ کی جانب سے سلمان مجاہد بلوچ ایڈووکیٹ نے وکالت نامہ جمع کرادیا، جبکہ مدعی کے وکیل نے ملزم کے سی آر او کی درخواست بھی عدالت میں دائر کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو پولیس فائل کے ساتھ طلب کر لیا۔استغاثہ کے مطابق ملزم کی 50 ہزار روپے کی عبوری ضمانت قبل ازیں منظور کی جا چکی ہے اور ملزم کے خلاف مقدمہ تھانہ گارڈن میں درج ہے۔علاوہ ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے اسی کیس میں ملزم لیاقت محسود کے گارڈ معراج کی ضمانت منظور کرلی۔ وکیلِ صفائی نے مؤقف اختیار کیا کہ معراج نے مشتعل ہجوم سے جان بچانے کے لیے ہوائی فائرنگ کی تھی۔ عدالت نے 30 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔واضح رہے کہ ڈمپر کی ٹکر سے نوجوان شاہزیب جاں بحق ہوگیا تھا، جس کے بعد واقعے کا مقدمہ درج ہوا تھا۔