پاپوش نگر تھانے میں زیرِ حراست ملزم کی ہلاکت کا معاملہ،پولیس اہلکاروں پر مقدمہ درج

شہر قائد کے علاقے پاپوش نگر تھانے میں فرار کی کوشش کے دوران پولیس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والے ملزم عباس کے واقعے کا مقدمہ سرکاری مدعیت میں درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق، ایف آئی آر میں اہلکاروں کی غفلت، ملزم کے فرار اور غیر ارادی قتل کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق، ملزم عباس کو لاک اپ سے ڈیوٹی افسر کے کمرے میں منتقل کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران وہ پولیس کو چکمہ دے کر تھانے سے باہر نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔ پولیس اہلکار سنتری اظہار الحق اور خادم حسین نے فوری طور پر تعاقب کیا اور ملزم کو ریلوے پل کے قریب جا پکڑا۔ اس دوران عباس نے اظہار الحق سے سرکاری رائفل چھیننے کی کوشش کی، جس پر دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہوئی۔ اسی دوران بندوق سے گولی چل گئی جو سیدھا ملزم کی کمر میں لگی۔ زخمی ملزم کو فوری طور پر ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل انکوائری جاری ہے اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔