نیشنل سائبر کرائم ایجنسی سندھ زون نے سوشل میڈیا پر ریاست مخالف پراپیگنڈے میں ملوث عناصر کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 11 افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ہیں، جن میں 3 خواتین بھی شامل ہیں۔ ایجنسی کے مطابق یہ مقدمات ریاست مخالف بیانیے اور قومی سطح کی اہم شخصیات کے خلاف ہرزہ سرائی کے تحت درج کیے گئے ہیں۔ نامزد افراد نے ویب ٹی وی چینلز، ایکس (سابق ٹوئٹر)، فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے منفی مہم چلائی۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ان اکاؤنٹس سے پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھی ریاست مخالف مواد پھیلایا گیا۔ درج مقدمات کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریاست مخالف پراپیگنڈے میں ملوث مزید 500 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی نشاندہی ہو چکی ہے، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔






