سی ٹی ڈی کی بڑی کارروائی، کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان کے 2 دہشت گرد گرفتار

کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دو انتہائی مطلوب دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالرحیم کھوسو اور غلام شبیر نوحانی کے نام سے ہوئی ہے۔ دورانِ تفتیش دونوں دہشت گردوں نے اہم انکشافات کیے ہیں۔تحقیقات سے معلوم ہوا کہ عبدالرحیم کھوسو 16 اپریل 2025 کو حیدرآباد میں سی ٹی ڈی موبائل پر حملے میں ملوث تھا، جبکہ حملے کے دوران ملزم فراز چانڈیو نے کھوسو کے پستول سے فائرنگ کی تھی۔دوسرا گرفتار دہشت گرد غلام شبیر نوحانی، ملزم پرکاش کے ساتھ آئی ای ڈی لے کر فرار ہونے میں ملوث پایا گیا۔دونوں ملزمان نے بارودی مواد گلستانِ سرمست کے ایک کھنڈر نما کمرے میں چھپا رکھا تھا، جہاں سے کارروائی کے دوران 3 ہینڈ گرنیڈ، ایک ہزار کلو بارودی مواد، ڈیٹونیٹرز اور بم بنانے کا سامان برآمد کیا گیا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق غلام شبیر نوحانی سرکاری ملازم نکلا ہے۔ دونوں ملزمان سنگین مقدمات میں طویل عرصے سے روپوش تھے، جبکہ ان کے تین ساتھی پرکاش، سومار اور مبشر تاحال فرار ہیں۔مزید تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ ملزمان دہشت گردی کی مالی معاونت میں بھی ملوث تھے اور جیل میں قید اپنے ساتھیوں کی ضمانت و کفالت کے لیے رقم جمع کرتے تھے۔