شہر قائد میں موٹر سائیکل سوار فیملی پر ڈکیتوں کی فائرنگ سے حاملہ خاتون قتل 

شہر قائد میں ڈاکو بے لگام ہو گئے، موٹر سائیکل سوار فیملی پر ڈکیتوں نے فائرنگ کرکے حاملہ خاتون کو قتل کردیا۔ پولیس اور حکومت کے خوف سے آزاد ڈاکو کراچی میں روزانہ شہریوں سے جینے کا حق چھین رہے ہیں۔ ڈکیتی کی واردات کے دوران گولی مار کر قتل کرنا ڈاکوؤں کے لیے معمول بن چکا ہے۔ اس طرح کے مسلسل واقعات نے شہریوں کو خوف میں مبتلا کردیا ہے۔ تازہ واقعے میں سائٹ سپر ہائی وے کے علاقے فقیرا گوٹھ پریشان چوک کے قریب ڈکیتی کے دوران فائرنگ سے حاملہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔ پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب میاں بیوی موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ 2مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی اور مزاحمت پر گولیاں چلا دیں، جس کے نتیجے میں 25 سالہ حاملہ خاتون صائمہ زوجہ عرفان موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئی۔ پولیس نے ملزمان کی تلاش کے لیے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج حاصل کرنے اور جیو فینسنگ کے عمل کا آغاز کر دیا ہے۔