منگھوپیر میں سی ٹی ڈی کی کارروائی، کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)، وفاقی حساس ادارے اور پولیس کی مشترکہ انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کے دوران منگھوپیر سے کالعدم تنظیم “فتنۃ الخوارج” (ٹی ٹی پی) سے تعلق رکھنے والے دو خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔ ترجمان سی ٹی ڈی سندھ کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالوکيل اور اجمل کے نام سے ہوئی، جو افغانستان کے معروف عسکری کیمپ سے تربیت یافتہ اور انتہائی مطلوب دہشت گرد شریف اللہ کے قریبی ساتھی ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ دونوں کا تعلق قلعہ عبداللہ، بلوچستان سے ہے اور انہیں کراچی میں دہشت گردی کی کارروائی کے لیے بھیجا گیا تھا، جہاں انہیں مخصوص ٹارگٹ دیے گئے تھے۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ تھانہ سی ٹی ڈی کراچی میں مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔