کراچی میں آئندہ دنوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے

محکمہ موسمیات نے شہر قائد کے موسم سے متعلق آئندہ چند روز کی پیش گوئی جاری کردی ہے۔ ارلی وارننگ سینٹر کے مطابق سمندر کے نچلی سطح کے بادلوں کے باعث آج مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ماہرین کے مطابق کراچی میں صبح اور رات کے اوقات میں کہیں ہلکی بارش، پھوار یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ صبح کے وقت ہوا میں نمی کا تناسب 92 فیصد رہا۔یاد رہے کہ جمعہ 12 ستمبر کو بارشوں کا سلسلہ تھمنے کے بعد موسم گرم اور دن بھر دھوپ کا رہا تھا۔ تاہم پیر 15 ستمبر کو شہر کا موسم یکسر تبدیل ہوگیا، مطلع ابر آلود رہا اور مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور پھوار بھی ہوئی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہی سلسلہ آئندہ دنوں میں بھی وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔