خواتین کے لیے مفت الیکٹرک اسکوٹی اسکیم میں درخواست دینے کے لیے اہلیت کا طریقہ کار سامنے آگیا، کیا کیا شرائط رکھی گئیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے خواتین کے لیے مفت الیکٹرک اسکوٹی اسکیم کے لیے اہلیت کے معیار اور درخواست دینے کے عمل کا اعلان کردیا۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں خواتین کو درپیش مشکلات میں کمی لانا اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کا سندھ کا مستقل شہری اور اسٹوڈنٹ یا ملازمت پیشہ خاتون ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے پاس مصدقہ ڈرائیونگ لائسنس کا ہونا ضروری ہے جبکہ قرعہ اندازی کے ذریعے اسکوٹی ملنے پر 7 سال تک اسے فروخت نہ کرنے کی پابند ہوگی۔ قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب ہونے والے خواتین کو سڑک کی حفاظت کے لیے مہارت کا امتحان دینا ہوگا۔ ای وی اسکوٹیز کی تقسیم پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کی موجودگی میں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائے گی۔ قرعہ اندازی کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں ایکسائز، ٹرانسپورٹ، فنانس ڈیپارٹمنٹس اور میڈیا کے نمائندے شامل ہوں گے۔ درخواست دینے کے لیے آفیشل ویب سائٹ : [www.smta.gov.pk](http://www.smta.gov.pk) پر جائیں۔ “پروجیکٹس” سیکشن پر کلک کریں، اس کے بعد “EV Scooty بیلٹ فارم – درخواست فارم” پر کلک کریں۔ فارم پُر کریں، مطلوبہ دستاویزات منسلک کریں، اور جمع کرائیں۔