گلستان جوہر میں زمین دھنسنے سے رہائشی عمارت ٹیڑھی، 60 فلیٹ خالی کرائے گئے

گلستان جوہر بلاک 10 میں زمین دھنسنے کے باعث ایک رہائشی عمارت ٹیڑھی ہوگئی۔ حالیہ بارشوں سے متاثرہ اپارٹمنٹ کے دو بلاکس میں دراڑیں پڑ گئیں جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ایس بی سی اے حکام کے مطابق متاثرہ دونوں بلاکس کے 60 فلیٹ خالی کرا لیے گئے ہیں، جبکہ پروجیکٹ کا گراؤنڈ فلور زمین میں دھنس چکا ہے۔ عمارت کے قریب نالہ موجود ہے اور زمین میں بڑی دراڑیں پڑنے کے باعث گیس اور بجلی کے کنکشن بھی منقطع کر دیے گئے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ احتیاطی طور پر اطراف کے 20 سے زائد مکانات کو بھی خالی کرایا جائے گا کیونکہ چند ماہ قبل اسی مقام پر سڑک بھی دھنس گئی تھی۔واضح رہے کہ رواں سال جولائی میں کراچی کے علاقے لیاری بغدادی میں ایک رہائشی عمارت گرنے سے 27 افراد جاں بحق ہوئے تھے جبکہ درجنوں خاندان بھاری مالی نقصان سے دوچار ہوئے تھے۔