شہر قائد میں نئے فیس لیس ای چالان سسٹم کے تحت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر خودکار جرمانوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، اور دوسرے ہی دن ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کی سرکاری گاڑی بھی کیمرے کی نظر سے نہ بچ سکی۔تفصیلات کے مطابق، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ کو سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر چالان جاری کیا گیا۔ ای چالان کے مطابق گاڑی لیاری ایکسپریس وے گارڈن کے مقام پر کیمرے میں ریکارڈ ہوئی، جس پر 10 ہزار روپے جرمانہ اور 2 ڈی میرٹ پوائنٹس عائد کیے گئے۔چالان کی ڈیو ڈیٹ 19 نومبر مقرر کی گئی ہے، جبکہ گاڑی ایکسائز ریکارڈ کے مطابق آئی جی سندھ کے نام پر رجسٹرڈ ہے۔پیر محمد شاہ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، “میری گاڑی کا چالان ہوا ہے اور مجھے اس کا آج پتا چلا، گاڑی میرا ڈرائیور لے کر گیا تھا جس کا چالان ہوا ہے۔”دوسری جانب، ای چالان سسٹم کے آغاز کے بعد صرف 24 گھنٹوں میں مزید 4 ہزار 301 شہریوں کو بھی مختلف خلاف ورزیوں پر جرمانے کیے گئے۔یہ پہلا موقع ہے کہ سندھ پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت عام شہریوں کو بھی کیمرہ بیسڈ فیس لیس سسٹم کے تحت بلا امتیاز کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔






