کراچی میں خاتون ڈاکٹر نے گھریلو تنازعات سے دل برداشتہ ہو کر نالے میں چھلانگ لگا دی

کراچی کے علاقے مبینہ ٹاؤن اسکاؤٹ کالونی میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں ڈاکٹر مشال نامی خاتون نے مبینہ طور پر گھریلو تنازعات اور شوہر کے رویے سے دل برداشتہ ہو کر نالے میں چھلانگ لگا دی۔پولیس کے مطابق واقعہ گزشتہ رات پیش آیا، عینی شاہدین نے خاتون کو نالے میں کودتے دیکھا جس کے بعد ریسکیو اداروں کو اطلاع دی گئی۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ڈاکٹر مشال کی لاش تاحال برآمد نہیں ہو سکی اور ریسکیو ٹیمیں تلاش میں مصروف ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ڈاکٹر مشال کا اپنے شوہر حسنین کے ساتھ گھریلو جھگڑا چل رہا تھا، جو مبینہ طور پر دوسری شادی کے معاملے پر شدت اختیار کر گیا تھا۔ اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ حسنین اکثر مشال پر تشدد کرتا تھا۔ واقعے کے بعد شوہر لاپتہ ہے اور پولیس اس کی تلاش میں ہے۔اہل خانہ نے مزید بتایا کہ ڈاکٹر مشال کا تعلق گلگت بلتستان سے تھا اور وہ گزشتہ دو سال سے اپنے شوہر کے ساتھ کراچی میں رہائش پذیر تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لواحقین کی مشاورت کے بعد شوہر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔