ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے دھندے میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار شخص کی شناخت محمد اکبر کے نام سے ہوئی ہے جسے سہراب گوٹھ کے علاقے سے غیر ملکی کرنسی سمیت رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ چھاپے کے دوران ملزم کے قبضے سے 70 لاکھ روپے مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی۔برآمد شدہ کرنسی میں 13 ہزار امریکی ڈالر، 8 ہزار سعودی ریال، 1556 یو اے ای درہم، 7 ہزار انڈونیشین روپیہ، ایک ہزار یمنی ریال، 318 عمانی ریال اور 305 چائنیز یوآن شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ایک لاکھ 74 ہزار 610 افغانی، یورو، عراقی دینار، ترکش لیرا اور 40 لاکھ ایرانی ریال بھی ضبط کیے گئے۔ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے 15 لاکھ پاکستانی روپے، پانچ موبائل فونز اور کرنسی ایکسچینج سے متعلق ریکارڈ بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔ محمد اکبر بغیر لائسنس کے غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کا کاروبار کر رہا تھا اور برآمد شدہ کرنسی کی قانونی حیثیت کے بارے میں حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ایف آئی اے نے ملزم کے خلاف تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مزید انکشافات متوقع ہیں۔






