محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ صوبائی دارالحکومت کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں 6 ستمبر سے موسلادھار بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو 9 ستمبر تک جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے متعدد علاقوں میں تیز اور موسلادھار بارش متوقع ہے جبکہ حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین اور سجاول میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔ اسی طرح تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، سانگھڑ اور خیرپور میں بھی تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ادارے کے مطابق سندھ میں 7 سے 10 ستمبر کے دوران وقفے وقفے سے شدید بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات نے وضاحت کی ہے کہ بھارت کے علاقے مدھیہ پردیش سے ہوا کا کم دباؤ 6 ستمبر کو سندھ میں داخل ہوگا، جس کے نتیجے میں کراچی سمیت صوبے کے مختلف اضلاع بارش کی لپیٹ میں آئیں گے۔شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔






