ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو افراد گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کارپوریٹ کرائم سرکل اور کمرشل بینکنگ سرکل کراچی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد میں امتیاز احمد شیخ اور محمد صدیق شامل ہیں، جنہیں کراچی کے علاقے شہید ملت اور جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی پارکنگ سے گرفتار کیا گیا۔کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد ہوئی، جن میں 50 ہزار اماراتی درہم، 27 ہزار 270 سعودی ریال، 800 امریکی ڈالر اور چار لاکھ 66 ہزار روپے پاکستانی کرنسی شامل ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی و غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم شواہد بھی حاصل کیے گئے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان برآمد شدہ کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے اور ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ادارہ پرعزم ہے کہ ایسے غیر قانونی نیٹ ورکس کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا تاکہ ملکی معیشت کو غیر قانونی ترسیلات سے محفوظ رکھا جا سکے۔