کراچی میں بھتہ خوری کے بڑھتے ہوئے واقعات پر آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے نوٹس لے لیا۔اے آئی جی آپریشنز نے مختلف جرائم سے متعلق رپورٹ آئی جی سندھ کو پیش کر دی۔رپورٹ کے مطابق، رواں سال اب تک شہر بھر میں 118 بھتہ خوری کے واقعات رپورٹ ہوئے۔ان میں سے 44 کیسز میں باقاعدہ تحقیقات کی گئیں، جبکہ 74 شکایات ذاتی تنازعات اور کاروباری لین دین سے متعلق تھیں۔ترجمان کے مطابق، بھتہ خوری کے 44 کیسز میں سے 39 حل کیے جا چکے ہیں۔کیسز میں 78 ملزمان کی شناخت ہوئی، جن میں سے 43 کو گرفتار کیا گیا، 5 پولیس مقابلوں میں مارے گئے،جبکہ گزشتہ 10 دنوں میں 4 بھتہ خور پولیس مقابلے میں ہلاک ہو چکے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اغوا کے 34 کیسز میں بھی 46 ملزمان گرفتار جبکہ 2ہلاک کیے گئے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ صوبے میں امن و امان اور کاروباری ماحول کے استحکام کے لیے اقدامات جاری ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ معیشت کے استحکام میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی جاری رہے گی۔






