غذر میں گلیشیئر پھٹنے کے باعث آنےوالے سیلاب نے ایک بار پھر تباہی مچا دی

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں گلیشیئر پھٹنے کے باعث آنے والے سیلاب نے ایک بار پھر تباہی مچادی۔ ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق غذر کے گوپس علاقے تلی داس میں گلیشیئر پھٹنے سے شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے، متعدد دیہات زیر آب آگئے اور شدید مالی نقصان ہوا ہے، تاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق لینڈ سلائیڈنگ کے باعث گلگت شندور روڈ مکمل طور پر بند ہوگئی ہے، جبکہ تالی داس نالے میں دونوں اطراف سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس سے راؤشن گاؤں کی آبادی محصور ہو گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ رات 3 بجے سے دریائے غذر مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث مزید آبادیاں سیلابی پانی کے کٹاؤ کی زد میں آرہی ہیں۔فیض اللہ فراق نے بتایا کہ گلیشیئر پھٹنے سے پانی نے جھیل کی شکل اختیار کر لی ہے، جس کے باعث متصل دیہات کے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔ اب تک 50 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔وزیر داخلہ جی بی شمس لون نے کہا کہ سیلاب سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے، جبکہ کچھ لوگ اب بھی پھنسے ہوئے ہیں جنہیں نکالنے کے لیے ہیلی کاپٹر طلب کیا گیا ہے۔ کمانڈر ایف سی این اے کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر ہیلی کاپٹر روانہ کر دیا گیا ہے۔ بروقت اطلاع دینے کے باعث جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا، تاہم انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ دریا کا بہاؤ رکنے سے مزید نقصانات کا خطرہ موجود ہے۔