کراچی میں غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کو لینڈنگ سے قبل جی پی ایس سگنل میں خرابی کا سامنا

شہر کی فضائی حدود میں جی پی ایس سگنل میں خلل، غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کو لینڈنگ کے دوران دشواری کا سامنا۔ذرائع کے مطابق گزشتہ رات ایک غیر ملکی ایئرلائن کے طیارے کو لینڈنگ سے قبل گلوبل پوزیشننگ سسٹم (جی پی ایس) سگنل میں خرابی کا سامنا کرنا پڑا۔ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ طیارے کے کپتان نے فوری طور پر اس صورتحال سے متعلق کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی) کو آگاہ کیا۔ اے ٹی سی حکام نے فوری ایکشن لیتے ہوئے طیارے کو لینڈنگ کے لیے رہنمائی فراہم کی۔ترجمان کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرول کی بروقت مدد سے غیر ملکی ایئرلائن کا طیارہ بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتر گیا اور کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان پیش نہیں آیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ سگنل میں خرابی کی اصل وجہ معلوم کی جاسکے۔