ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو نے راشد منہاس روڈ پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب پیش آنے والے خونی حادثے اور اس کے بعد ہونے والے آتشزدگی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے چار رکنی ٹیم قائم کر دی۔ ترجمان کراچی پولیس کے مطابق ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی ویسٹ زون عرفان بلوچ کریں گے، جبکہ اراکین میں ایس ایس پی سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی، ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی اور ایس پی انویسٹی گیشن ویسٹ ون انعم تجمل شامل ہیں۔ تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آتشزدگی کے واقعات میں ملوث تمام ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے ٹھوس شواہد کے ساتھ جامع تفتیش کرے۔ ٹیم ضرورت پڑنے پر کراچی رینج کے کسی بھی افسر کو شامل کر سکے گی اور پیش رفت کی رپورٹ روزانہ کی بنیاد پر ایڈیشنل آئی جی کو فراہم کرے گی۔ واضح رہے کہ ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب تھانہ یوسف پلازہ اور ایف بی انڈسٹریل ایریا کی حدود میں ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار فیملی حادثے کا شکار ہوئی تھی، جس میں بہن بھائی جاں بحق اور والد شدید زخمی ہو گئے تھے۔ حادثے کے بعد مشتعل افراد نے 7 ڈمپرز کو آگ لگا دی تھی۔






