کراچی ہاکس بے روڈ پر کار حادثے میں خاتون اور دو بچیوں سمیت 4 افراد جاں بحق

شہر قائد کے علاقے ماڑی پور میں گدھا گاڑی چوک کے قریب ایک المناک حادثے میں پکنک سے واپس آنے والے خاندان کی گاڑی نالے کی دیوار سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں خاتون اور بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق جبکہ 4 دیگر زخمی ہو گئے۔ ریسکیو حکام کے مطابق، واقعے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں اور لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا۔ جاں بحق افراد میں ایک مرد، ایک خاتون اور دو کمسن بچے شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں بھی مرد، خاتون اور دو بچے شامل ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والا خاندان پنجاب سے کراچی آیا تھا اور ہاکس بے پر پکنک منا کر واپس جا رہا تھا کہ یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ تمام جاں بحق اور زخمی افراد کا تعلق اسی ایک خاندان سے ہے، جس سے واقعے کی شدت اور غم مزید بڑھ گیا ہے پولیس اور متعلقہ حکام واقعے کی وجوہات کا تعین کرنے میں مصروف ہیں۔ ابتدائی طور پر یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ گاڑی کی تیز رفتاری یا بریک فیل ہونے کے باعث ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا، جس کے نتیجے میں گاڑی نالے کی دیوار سے ٹکرا گئی۔