کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیر کی صبح موٹر سائیکل سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے کپڑے کا کاروبار کرنے والے شہری کو قتل کردیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ اورنگی ٹاؤن سیکٹر 13-ای، شاداب گراؤنڈ کے قریب پیش آیا جہاں 44 سالہ محمد نعیم ولد بشیر کو دو نامعلوم ملزمان نے نشانہ بنایا۔ مقتول اپنے بیٹے کو اسکول چھوڑ کر گھر واپس جا رہے تھے کہ اچانک ملزمان نے تعاقب کے بعد ان پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ نعیم کو چار گولیاں لگیں جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔لاش کو چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت کی گئی۔ مقتول نعیم بنارسی مارکیٹ کے رہائشی اور کپڑے کے تاجر تھے۔ وہ تین بچوں کے باپ تھے۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے خول برآمد ہوئے ہیں اور مقتول سے کوئی قیمتی سامان نہیں چھینا گیا، جس کے باعث واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے جس میں ملزمان کو مقتول کا تعاقب کرتے اور قریب پہنچتے ہی فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان باآسانی فرار ہوگئے۔اہل خانہ کا کہنا ہے کہ مقتول کے کسی کے ساتھ ذاتی جھگڑے یا دشمنی کے معاملات نہیں تھے، وہ کاروباری شخص تھے اور پرامن زندگی گزار رہے تھے۔ اہل خانہ نے الزام لگایا کہ فائرنگ کے بعد نعیم کافی دیر تک زخمی حالت میں تڑپتے رہے لیکن ایمبولینس ڈرائیور نے پولیس کے پہنچنے سے پہلے اسپتال منتقل کرنے سے انکار کر دیا جس کے باعث وہ دم توڑ گئے۔اہل خانہ اور مقامی افراد نے کہا کہ علاقے میں ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی وارداتیں روز کا معمول ہیں، شہریوں کو کسی قسم کا تحفظ حاصل نہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے انصاف فراہم کیا جائے۔






