ناردرن بائی پاس پر قائم “مویشی دوست منڈی” میں سانگھڑ اور نوشہروفیروز سے لائے گئے اعلیٰ نسل کے بکروں نے شہریوں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔ پٹیرے اور گلابی نسل کے مضبوط اور خوبصورت بکرے خریداروں کو اپنی جانب کھینچ رہے ہیں۔ بیوپاری علی چانڈیو کے مطابق وہ سانگھڑ سے 35 بکرے لائے تھے جن میں سے 3 فروخت ہو چکے ہیں، جبکہ کراچی والوں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث مزید 200 بکرے بھی جلد منڈی پہنچائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “اعلیٰ نسل کے بکرے کراچی والوں کو دیں گے، شہری خوش ہو جائیں گے۔” منڈی میں “سندھ پہلوان” کے نام سے مشہور ببلو بکرا بھی خاص توجہ کا مرکز ہے، جس کی بارہ ماہ تک خدمت کی گئی ہے۔ بیوپاری کے مطابق ببلو بکرا نہ صرف جسمانی طور پر طاقتور ہے بلکہ خوبصورتی میں بھی لاجواب ہے۔ ایک اور بیوپاری نے بتایا کہ وہ کراچی والوں کی نظر بد اتارنے کے لیے خصوصی طور پر کالا بکرا لے کر آیا ہے، جو خریداروں کی دلچسپی کا باعث بن رہا ہے۔ بیوپاریوں کے مطابق تگڑے اور اعلیٰ نسل کے بکروں کی قیمتیں 60 ہزار سے ایک لاکھ روپے تک جا رہی ہیں، اور شہری ان کی خریداری میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں۔