شہرِ قائد کے باسیوں کے لیے خطرے کی گھنٹی دوبارہ بج گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آج دوپہر سے کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کا کم دباؤ اس وقت بھی شدت کے ساتھ فعال ہے، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں دوپہر سے رات گئے تک آندھی، گرج چمک اور شدید بارش کا سلسلہ متوقع ہے۔ اس دوران اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں۔ترجمان محکمہ موسمیات انجم نذیر ضیغم کا کہنا ہے کہ آج شہر بھر میں بارش کل کے مقابلے میں زیادہ تیز ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔ مزید یہ کہ 27 اگست کو ایک اور مون سون سسٹم سندھ میں داخل ہوگا جو دیہی اور شہری علاقوں کو متاثر کرے گا۔چیف میٹرولوجسٹ کراچی، امیر حیدر لغاری نے بتایا کہ بارش کے سسٹم کے گرد ہواؤں کی گردش جاری ہے جس کے باعث آج تیز آندھیاں بھی چلنے کا امکان ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ آج رات گئے سے بارش کا سسٹم بتدریج کمزور ہونا شروع ہوگا اور امکان ہے کہ جمعے کی صبح تک مکمل طور پر ختم ہو جائے۔ان کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کو مطلع ابرآلود، جبکہ اتوار اور پیر کو جزوی ابرآلود رہے گا۔ اس دوران موسم نسبتاً معتدل رہے گا اور درجہ حرارت بھی معمول سے کم رہنے کی توقع ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز ہونے والی شدید بارش نے شہر کے کئی علاقوں میں نظامِ زندگی مفلوج کر دیا تھا۔درجہ حرارت کی بات کی جائے تو آج کم از کم 28 اور زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، تاہم حبس اور نمی کی شدت نے شہریوں کو سخت بے آرامی میں مبتلا کر رکھا ہے۔