آج سے 22 اگست تک سندھ بھر میں تیز بارشوں کا امکان 

محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں مون سون کا طاقتور سسٹم اثر انداز ہو چکا ہے جس کے تحت آج (18 اگست) سے 22 اگست تک سندھ بھر میں موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں۔ترجمان کے مطابق اس دوران آندھی، گرج چمک اور بجلی گرنے کے واقعات بھی پیش آ سکتے ہیں جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ نئے مون سون سسٹم کے تحت جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر شہداد کوٹ، گھوٹکی، سکھر، کشمور اور نوشہروفیروز میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ اسی طرح دادو، میرپور خاص، شہید بے نظیر آباد اور حیدر آباد میں بھی وقفے وقفے سے بارشیں ہوں گی، جبکہ جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ اور سجاول کے اضلاع میں بھی بادل برسنے کا امکان ہے۔ مزید برآں، تھرپارکر میں درمیانی اور تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ کراچی میں بھی آج سے 22 اگست تک بارشوں کا سلسلہ متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بھارتی راجستھان پر موجود سائیکلونک سرکولیشن کے اثرات 18 اگست کی شام یا رات تک شہر قائد میں داخل ہوں گے، جس کے بعد شہر میں بارشوں کا آغاز ہوگا۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ اربن فلڈنگ، بجلی گرنے اور دیگر ممکنہ خطرات سے محفوظ رہا جا سکے۔