کراچی کے علاقے پی سی سی ایچ ایس میں کم عمر گھریلو ملازمہ پر تشدد اور استری سے جلانے کے کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ہوئی۔پولیس نے گرفتار میاں بیوی کو عدالت میں پیش کرکے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، تاہم عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے ملزمان کی 30،30 ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔سماعت کے دوران وکیل صفائی نے مؤقف اپنایا کہ مدعی مقدمہ بلیک میل کر رہا ہے اور ملزمان واقعے پر معذرت خواہ ہیں۔پولیس کے مطابق کم عمر گھریلو ملازمہ کو شدید زخمی حالت میں سول اسپتال کے برنس وارڈ منتقل کیا گیا تھا، جہاں معائنے کے دوران کمر، ہاتھ اور ٹانگوں پر استری سے جلنے کے نشانات پائے گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے میاں بیوی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا تھا۔






