کراچی کو پانی سپلائی کرنے والا حب ڈیم حالیہ دنوں میں ہونے والی شدید بارشوں کے بعد اپنی گنجائش کے قریب پہنچ گیا ہے۔ محکمہ ایریگیشن کے مطابق ڈیم میں پانی کی سطح 338 فٹ تک پہنچ گئی ہے جبکہ مزید صرف ایک فٹ جگہ باقی ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ ڈیم کے اسپل وے سے کسی بھی وقت پانی کا اخراج شروع ہوسکتا ہے۔ اس حوالے سے حب ندی کے اطراف میں رہائش پذیر افراد کو نقل مکانی کی ہدایت جاری کی گئی ہے، جبکہ کرش پلانٹس کے مالکان کو فوری طور پر مشینری اور لیبر ندی سے ہٹانے کی تاکید کی گئی ہے۔واپڈا حکام کے مطابق حب ڈیم کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 339 فٹ ہے اور اضافی پانی کے دباؤ کو کم کرنے کے لیے وزارت آبی وسائل، واپڈا اور لسبیلہ ایڈمنسٹریشن کی نگرانی میں اسپل وے کھولنے کی تیاری کی جارہی ہے۔






